ہر سال ربیع الاول میں ہفتہ شانِ رحمت اللعالمینؐ منانے کا اعلان

ہر سال ربیع الاول میں ہفتہ شانِ رحمت اللعالمینؐ منانے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب  سردار عثمان بزدار نے ہر سال ربیع الاول میں  سرکاری طور پر ہفتہ شانِ رحمت اللعالمینؐ منانے کا اعلان کردیا، وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ نبی کریمۖ سے ہر مسلمان کی بے حد جذباتی وابستگی ہے، اللہ کے نبیۖ سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے اور ہر مسلمان اس محبت کو جان و دل سے مقدم جانتا ہے۔

 وزیراعلیٰ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مغرب کو یہ بات سمجھ لینی چاہیئے کہ مسلمان جان تو قربان کر سکتا ہے لیکن پیارے نبی کریمۖ کی شان اقدس میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں کر سکتا، گستاخانہ خاکوں پر میرا دل بہت رنجیدہ ہے، اگر ہولوکاسٹ پر بات کرنے سے کسی کی دل شکنی یا جذبات مجروح ہوتے ہیں تو پونے 2 ارب مسلمانوں کے جذبات اور احساسات کو بے دردی سے بار بارکیوں مجروح کیا جا رہا ہے؟

وزیراعلیٰ نے کہاکہ فرانس میں ہونے والی اس مذموم حرکت اور فرانسیسی صدر کے قابل مذمت بیان کا بھرپور جواب دینے کیلئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر سال ربیع الاول میں ہفتہ شان رحمت اللعالمین ۖسرکاری سطح پر منایا جائے گا اور اس ہفتے کے دوران حضرت محمدۖ کی شان اقدس کو بیان کرنے کیلئے مختلف تقریبات ہوں گی، تقریبات کا آغازالحمراء میں نعتیہ مشاعرے سے ہوگا جہاں نعت گو شاعر نبی کریم ۖ کی شان میں ہدیہ عقیدت پیش کریں گے، لاہور میں محفل سماع بھی منعقد کی جائے گی، جس میں ملک کے نامور  قوال شرکت کریں گے، پنجاب میں پہلی عالمی علماء و مشائخ کانفرنس منعقد ہوگی جہاں بین الاقوامی شہرت یافتہ علماء اور مشائخ مقالہ جات پیش کریں گے۔ 

وزیراعلیٰ نے پنجاب میں 50 کروڑ روپے کے ابتدائی فنڈ سے رحمت اللعالمینﷺ سکالرشپ کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ25 کروڑ روپے کی رقم سے پوزیشن ہولڈر طلبا کو وظائف دئیے جائیں گے، صوبہ بھر میں میٹرک پاس کرنیوالے غریب اور نادار طلبا کو مزید پڑھائی کیلئے رحمت اللعالمین سکالرشپ بھی دی جائے گی اور ان طلبہ و طالبات کی فیس اور رہائش کیلئے مالی معاونت کی جائے گی، ہر سال ربیع الاول میں 50 کروڑ کے ابتدائی فنڈ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ محکمہ ہائر ایجوکیشن کے زیراہتمام سکالرز کیلئے یونیورسٹیوں میں رحمت اللعالمین چیئرز قائم کی جا رہی ہیں ، رحمت اللعالمین چیئرز پنجاب کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کی یونیورسٹیوں میں قائم کی جائیں گی،سکالرز کو اسلامی دنیا کے بہترین اداروں میں نبی کریمۖ کی سیرت پر ریسرچ کیلئے سکالر شپ دی جائے گی، محسن انسانیت حضرت محمدۖ کی حیات مبارکہ پر مختصر دستاویزی فلمیں بنائی جائیں گی، بہترین ڈاکومنٹری کو ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر انگلش اور فرنچ سب ٹائٹلز کے ساتھ نشر کیا جائے گا، مقابلے کے ونر پروڈیوسر کو اسناد اور نقد انعام دیا جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ وزارتی کمیٹی میں صوبائی وزیر اوقاف پیرسیدسعید الحسن شاہ، معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان او ردیگر شامل ہوں گے، سیکرٹریٹ کی سطح کی بھی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، تمام تقریبات کاشیڈول جاری کیا جائے گا، اگلے ہفتے سے ہفتہ شان رحمت اللعالمین ۖکی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہوگا، تمام انتظامات کو خود مانیٹر کروں گا۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ صحافیوں کو صحت انصاف کارڈ کے حوالے سے جلد خوشخبری دیں گے۔

Sughra Afzal

Content Writer