ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مری میں غیر معینہ مدت تک شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

مری میں غیر معینہ مدت تک شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: مری میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ پر تاجر برادری نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کل سے مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے، جس سے علاقے کی کاروباری اور سیاحتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق مرکزی انجمن تاجران مری نے حکومتی اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔

تاجروں کا مؤقف ہے کہ مری ایک اہم سیاحتی مرکز ہے اور یہاں کی معیشت کا انحصار مکمل طور پر سیاحت پر ہے، اس لیے لاک ڈاؤن سے مقامی کاروبار شدید نقصان کا شکار ہو رہا ہے۔

اعلان کے مطابق کل صبح سے مری کے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور دکانیں مکمل طور پر بند رہیں گی۔ تاجروں نے واضح کیا ہے کہ جب تک حکومت مری کو اسمارٹ لاک ڈاؤن سے استثنیٰ نہیں دیتی، احتجاج جاری رہے گا۔

تاجر رہنماؤں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں کاروبار کی بندش سے نہ صرف دکاندار بلکہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراد بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ اس لیے حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ یا تو خصوصی معاشی پیکیج دیا جائے یا سیاحتی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے نرمی اختیار کی جائے۔

اس احتجاجی کال کے بعد ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، جس سے خدشہ ہے کہ مری میں آمد و رفت اور سیاحتی سرگرمیاں مکمل طور پر رک سکتی ہیں۔