سٹی42: بھارت کی مسلسل اشتعال انگیزی، سرحدوں پر سٹینڈ آف اور پاکستان کے خلاف مسلسل غیر منصفانہ اقدامات، بین الاقوامی انڈس واٹرز ٹریٹی کی کھلی خلاف ورزیوں کے 12 دن کے بعد پاکستان نے آخر کار سکیورٹی کونسل کا دروازہ کھٹکھٹانے کا فیصلہ کر لیا۔ نیویارک میں پاکستان کے نمائندہ کو سلامتی کونسل کا اجلاس بلوانے کے لے انتظامات کرنے کی ہدایات بھیج دی گئیں۔
اسلام آباد میں وزارتِ خارجہ کے ذمہ دار ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کو سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے سلامتی کونسل کو خطے کی صورتحال پر باضابطہ بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
فارن آفس کے رسمی اعلامیہ کے مطابق پاکستان سلامتی کونسل کوبھارت کے جارحانہ اقدامات سے آگاہ کرےگا جبکہ سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بھارت کے سراسر غیرقانونی اقدامات سے بھی سلامتی کونسل کو آغاہ کیا جائے گا۔
بھارتی جارحانہ اقدامات خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا پاکستان کا یہ اقدام عالمی برادری کے سامنے بھارت کی یکطرفہ مہم جوئی اور اشتعال انگیزی کے حقائق پیش کرنے ایک ہفتہ سے جاری کی کوششوں کا حصہ ہے۔