( وقار گھمن ) حالیہ بارشوں سے گندم کی فصل کو نقصان، گندم کی کٹائی کاعمل متاثر، کسانوں نے بھاری نقصان کا خدشہ ظاہر کردیا۔
چند روز قبل ہونیوالی بارشوں اور ژالہ باری نے کسانوں کے چہرے سے رونق چھین لی۔ گندم کی تیار فصل بارش سے خراب ہونے کی وجہ سے کھیت کی اوسط پیداوار کم ہوجاتی ہے۔
کسانوں نے جدید مشینری کے استعمال سے گندم کی کٹائی مکمل کرلی ہے۔ تاہم غریب کسان ابھی بھی روایتی طریقوں سے کٹائی کررہا ہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ فصل کی تیاری تک چھ ماہ محنت کرتے ہیں۔ پنجاب میں بعض علاقوں میں گندم کی کٹائی شروع ہو چکی ہے اور باقی فصل بالکل تیار کھڑی ہے حالیہ بارشوں کی وجہ سے کٹی ہوئی فصلیں پانی میں دوبنے کی وجہ سے گہائی ممکن نہیں رہی جس کی وجہ سے فصل تباہ ہو رہی ہے۔
جن علاقوں میں فصلیں تیار ہیں وہاں بارشوں کے دوران تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے فصلیں گر گئی ہیں جس سے فصلوں کو نقصان پہنچ رہا ہے بارش کی وجہ سے اگر کٹائی تاخیر سے ہو تو اگلی فصل کی کاشت میں بھی دشواری ہوتی ہے۔
ہر سال گندم کی کٹائی کے دنوں میں بارشوں سے کسانوں کو اچھا خاصا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔ گندم کی فصلوں کو نقصان کی وجہ سے ملک میں غذائی قلت ہو سکتی ہے جس سے نہ صرف کسان کی معاشی حالت خراب ہوگی بلکہ ملکی معشیت کو بھی نقصان پہنچے گا۔