فاران یامین:ایس پی ڈولفن اسامہ امین چیمہ نے کہا ہے کہ ڈولفن سکواڈ نے ماہ فروری میں 30 خطرناک ڈکیت گینگز کو گرفتار کیا،ڈولفن سکواڈ نے سٹریٹ کرائم میں ملوث دیگر 3003 ملزمان کو بھی گرفتار کیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس پی ڈولفن اسامہ امین چیمہ کی قیادت میں ماہِ فروری کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق فورس نے ایمرجنسی ریسپانس، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن اور کمیونٹی پولیسنگ کے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
ایمرجنسی 15 پر موصول ہونے والی 331 کالز پر شہریوں کو فوری ریسکیو فراہم کیا گیا۔ ڈی آئی جی کی ہدایت پر کالز کے ریسپانس ٹائم کا خصوصی جائزہ لیا گیا، جس میں اوسط دورانیہ 5 سے 7 منٹ ریکارڈ کیا گیا۔
کارروائیوں کے دوران ڈولفن و پی آر یو نے 161 اشتہاریوں سمیت 1483 عادی ملزمان اور 104 عدالتی مفروران کو گرفتار کیا۔ مزید برآں، 30 خطرناک ڈکیت گینگز کو قانون کی گرفت میں لایا گیا جبکہ اسٹریٹ کرائم میں ملوث 3003 ملزمان بھی پکڑے گئے۔
ترجمان کے مطابق ناجائز اسلحہ کے خلاف مہم میں 27 پسٹلز اور 2 رائفلز برآمد کی گئیں۔ ہوائی فائرنگ اور آتش بازی میں ملوث 9 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران 180 بوتلیں شراب، 17 بیئر کین اور 2150 گرام چرس برآمد کی گئی۔
پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن میں 68 ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کیے گئے۔ ون ویلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 201 ون ویلرز کو حراست میں لیا گیا جبکہ خصوصی مہم کے دوران 45 جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
اسٹاپ اینڈ سرچ آپریشن کے دوران 13 لاکھ 56 ہزار 724 گاڑیوں اور 12 لاکھ 42 ہزار 552 افراد کی چیکنگ کی گئی۔ اسی دوران 7 چوری شدہ گاڑیاں و موٹر سائیکلز برآمد کی گئیں۔ مزید برآں، 15 کالز پر ریسپانس کرتے ہوئے 21 نوسربازوں و چوروں سے 3 موبائل فونز اور نقدی بھی برآمد کی گئی۔
کمیونٹی پولیسنگ کے تحت مختلف کیٹیگریز میں 237 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا۔