انگلیاں گھما کر بیٹرز کو گھما دینے والے سپنر چاہل کو کس نے گھما ڈالا، ویڈیو وائرل ہو گئی

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: کرکٹ کھیلتے ہوئے بال کو گھما کر بیٹر کا سر گھما دینا اور بات ہے لیکن کسی پہلوان خاتون سے زور آزمائی کرتے ہوئے خود آسمانی جھولا بن جانا بالکل مختلف کام ہے جو کرکٹرز کے بس کا نہیں ہوتا۔ یہ حقیقت اس وقت سامنے آئی جب ہریانہ کی مشہور پہلوان خاتون سنگیتا پھوگٹ نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے نوجوان اسپنر یوزویندر چاہل کو کندھوں پر اٹھا  کر ایسا گھمایا کہ صاحب کا سر ہی گھوم گیا۔

 ایکس پر ریسلر یسویندر چاہل کے پہلوان سنگیتا پھوگٹ کے ہتھے چڑھ جانے کی ویڈیو اس وقت بھارت اور پاکستان میں وائرل ہے۔  اس مختصر ویڈیو میں خاتون ریسلر سنگیتا پھوگٹ ایک پارٹی کے دوران بھارتی اسپنر یسویندر چاہل کو کندھوں پر اٹھاکر گھما تے دکھائی دے رہی ہیں جبکہ چاہل کے چہرے کے تاثرات سے ظاہر تھا کہ ان کا سر گھوم گیا ہے اور وہ خاصے سہم گئے ہیں۔ آخر انہوں نے پھوگٹ پہلوان سے اپنا "آسمانی جھولا" روک دینے کی درخواست کرنا شروع کر دی۔ 

 مایہ ناز اسپنر  یسویندر چاہل کی اہلیہ دھناشری ورما ڈانس ریئلٹی شو کے 5 فائنلسٹ میں شامل ہیں اور انہوں نے مداحوں سے پرزور درخواست کی تھی کہ سنگیتا پھوگٹ کو ووٹ دیں۔