(علی ساہی) گاڑی اور موٹرسائیکل مالکان کیلئے بڑی خوشخبری، محکمہ ایکسائز نے گاڑیوں کی ٹرانسفر فیس ختم کرنے کے لیے تجاویز تیار کرلیں، حکومت کی منظوری کے بعد گاڑیاں بغیر فیس کے ٹرانسفر ہوں گی۔
گاڑیوں کی ٹرانسفر فیس ختم کرنے کے حوالے سے ڈائریکٹر رضوان شیروانی کا کہنا ہے کہ سیکرٹری ایکسائز کے احکامات پر فوری تجاویز تیار کرلی گئی ہیں، جو اگلے بجٹ میں سیکرٹری ایکسائز کی منظوری کے بعد پیش کی جائیں گی۔ٹرانسفر فیس معمولی ہے، مگر ہولڈنگ اور انکم ٹیکسز کے نفاذ سے فیس زائد ہوجاتی ہے، جس کی وجہ سے شہری گاڑیاں اپنے نام ٹرانسفر نہیں کراتے، جس کے نتیجے میں محکمے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔
رضوان شیروانی نے کہا کہ دہشت گردی اور حالات کے پیش نظر کوشش کی جا رہی ہے کہ جو شہری گاڑی خریدے وہ اسی کے نام پر ٹرانسفر ہو، سیف سٹی میں ای ٹکٹنگ کے لیے بھی چالان مالک کے گھر تک پہنچانے کے لیے آخری خریدار کا نام ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تجاویز میں ٹرانسفر فیس کو ٹوکن ٹیکس میں ایڈجسٹ کیا جائے گا جو کہ معمولی ہوگا، اس عمل سے ایکسائز کو ریونیو بھی حاصل ہوگا اور گاڑی بھی خریدار کے نام پر ہوگی۔