ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستانی نژاد وکیل راجہ ذیشان لندن کے ڈپٹی میئر مقرر

پاکستانی نژاد وکیل راجہ ذیشان لندن کے ڈپٹی میئر مقرر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف: پاکستان کے معروف قانونی ماہر اور سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل و سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ راجہ عبدالرحمان کے صاحبزادے راجہ ذیشان ایڈووکیٹ ہائیکورٹ نے برطانیہ میں ایک اہم اعزاز حاصل کرتے ہوئے رائل بورو آف گرین وچ، لندن کے ڈپٹی میئر کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔

راجہ ذیشان کی بطور ڈپٹی میئر تقرری کو برطانیہ میں مقیم پاکستانی اور مسلم کمیونٹی کے لیے ایک تاریخی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ وہ رائل بورو آف گرین وچ کی تاریخ میں اس منصب تک پہنچنے والے پہلے پاکستانی نژاد، پہلے مسلمان اور کم عمر ترین ڈپٹی میئر بن گئے ہیں۔ڈپٹی میئر کے عہدے کا حلف اٹھانے اور منصب سنبھالنے کی تقریب گرین وچ ٹاؤن ہال میں منعقد ہوئی، جس میں منتخب عوامی نمائندوں، کمیونٹی رہنماؤں، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات اور مقامی شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران راجہ ذیشان کی عوامی خدمات، کمیونٹی کے لیے کردار اور قیادت کی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔
راجہ ذیشان اس سے قبل لیبر پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے رائل بورو آف گرین وچ کے ووولچ ڈاک یارڈ وارڈ سے کونسلر منتخب ہوئے تھے۔ ان کی ڈپٹی میئر کے منصب پر تقرری کو عوامی خدمت، کمیونٹی کی نمائندگی اور مقامی مسائل کے حل کے لیے ان کی مسلسل کاوشوں پر اعتماد کا اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔
راجہ ذیشان گزشتہ تقریباً دو دہائیوں سے لندن میں سماجی خدمت، نوجوانوں کی فلاح و بہبود، بین المذاہب ہم آہنگی، کمیونٹی روابط اور عوامی مسائل کے حل کے لیے متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مختلف نسلی، مذہبی اور ثقافتی کمیونٹیز کے درمیان روابط کو فروغ دینے اور مقامی سطح پر مؤثر نمائندگی فراہم کرنے میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
ان کی اس تاریخی کامیابی کی خبر سامنے آنے پر لاہور ہائیکورٹ کے وکلاء حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے سینئر وکلاء، لاء افسران اور قانونی برادری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ عبدالرحمان کو ان کے بیٹے کی اس نمایاں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
وکلاء کا کہنا تھا کہ راجہ ذیشان کی کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پاکستان کے قانونی شعبے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی نژاد نوجوانوں کا عالمی سطح پر اہم سیاسی اور انتظامی عہدوں تک پہنچنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی صلاحیتیں دنیا بھر میں اپنی جگہ بنا رہی ہیں۔

قانونی اور سماجی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ راجہ ذیشان بطور ڈپٹی میئر اپنی صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی خدمت اور کمیونٹی کی ترقی کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے اور برطانیہ میں پاکستانی اور مسلم کمیونٹی کی مثبت نمائندگی کو مزید مضبوط بنائیں گے۔