قیصر کھوکھر:مالی سال کے اختتام کے پیشِ نظر محکمہ خزانہ نے رواں مالی سال کے اکاؤنٹس بند کر دیے ہیں جبکہ تمام سرکاری محکموں کو ادائیگیاں عارضی طور پر روک دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ نے اکاؤنٹس کلوز کرنے کے حوالے سے باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے، جس کے تحت نئے مالی سال کے بجٹ کی منظوری اور مالیاتی کارروائیوں کی تکمیل تک کسی بھی محکمہ کو ادائیگی نہیں کی جائے گی۔
محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ بجٹ کے بعد مالی امور معمول کے مطابق بحال کر دیے جائیں گے اور زیر التوا ادائیگیوں کا عمل دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔
اکاؤنٹس کی بندش مالی سال کے اختتامی مراحل میں مالیاتی ریکارڈ کی تکمیل اور نئے بجٹ کے نفاذ کے لیے معمول کی کارروائی کا حصہ ہے۔