کلیم اختر:پنجاب سوشل سکیورٹی نے ادارے میں پیپر لیس ورکنگ کے نظام کے نفاذ کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل کی زیر صدارت ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں پیپر لیس ورکنگ کے نفاذ اور اس پر عملدرآمد کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ہیڈ آفس کے تمام پرنسپل افسران نے اجلاس میں شرکت کی اور مختلف شعبوں میں ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے متعلق رپورٹیں پیش کیں۔
کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی نے ہدایت کی کہ ادارے میں پیپر لیس ورکنگ کے نظام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اس کے مؤثر و بروقت نفاذ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے سوشل سکیورٹی کے تمام دفاتر اور ہسپتالوں کو ہدایت جاری کی کہ پیپر لیس ورکنگ پر عملدرآمد کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ دفتری امور کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔
ذوالفقار علی کھرل کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے دفتری امور میں شفافیت، رفتار اور جوابدہی کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا، جبکہ شہریوں کو خدمات کی فراہمی بھی زیادہ مؤثر اور آسان ہو جائے گی۔