عابد چودھری: ایدھی فاؤنڈیشن نے ماہ جون 2026 کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق گزشتہ ماہ ہزاروں افراد کو مفت ایمبولینس، فلاحی، طبی اور سماجی خدمات فراہم کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق ایدھی ایمبولینس سروس کے ذریعے 4 ہزار 741 مریضوں اور میتوں کو مختلف ہسپتالوں اور مقامات تک مفت منتقل کیا گیا، جبکہ 1 ہزار 268 جاں بحق افراد کی میتیں ان کے آبائی علاقوں تک باحفاظت پہنچائی گئیں۔ حادثات میں جاں بحق 31 افراد کی لاشیں مردہ خانوں میں منتقل کی گئیں اور 287 زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے مختلف ہسپتالوں تک پہنچایا گیا۔
ایدھی بایومیٹرک ٹیم نے 22 نامعلوم لاشوں کی شناخت مکمل کی، جبکہ 34 لاوارث افراد، جن میں 31 مرد اور 3 خواتین شامل تھیں، کی تدفین کی گئی۔ ایدھی سردخانے میں 62 افراد کی غسل و کفن کی آخری رسومات بھی انجام دی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں قائم ایدھی ہوم میں اس وقت 294 افراد زیر کفالت ہیں، جبکہ گزشتہ ماہ 78 افراد کو بحفاظت ان کے اہل خانہ کے حوالے کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایدھی فاؤنڈیشن کے فری لنگر سے روزانہ اوسطاً 11 ہزار 335 مستحق افراد نے مفت کھانا حاصل کیا۔