سٹی 42 :عالمی اور مقامی مارکیٹ میں ایک روزہ نمایاں اضافے کے بعد سونے کی قیمتوں میں دوبارہ کمی کا رجحان سامنے آیا ہے، جبکہ چاندی بھی سستی ہو گئی ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 11 ڈالر کمی کے بعد 4,174 ڈالر پر آ گئی۔ عالمی سطح پر قیمتوں میں اس کمی کے اثرات مقامی صرافہ بازار میں بھی دیکھنے میں آئے۔
آل پاکستان صرافہ مارکیٹ کے مطابق فی تولہ سونا ایک ہزار 100 روپے سستا ہونے کے بعد 4 لاکھ 39 ہزار 836 روپے کا ہو گیا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 943 روپے کمی سے 3 لاکھ 77 ہزار 88 روپے تک آ گئی۔
ادھر چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد فی تولہ چاندی 48 روپے سستی ہو کر 6 ہزار 716 روپے پر پہنچ گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز سونے کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس وقت پاکستان میں فی تولہ سونا 12 ہزار 200 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 40 ہزار 936 روپے تک پہنچ گیا تھا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 10 ہزار 459 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 78 ہزار 31 روپے ہو گئی تھی۔
اسی طرح عالمی مارکیٹ میں بھی گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت 122 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 185 ڈالر تک جا پہنچی تھی۔