ویب ڈیسک:پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے میچز کی نشریات کے لیے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کی فروخت ہوئی، جس میں انڈین خطے کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ویب سائٹ پر منگل کے روز جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کی فروخت میں 149 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق ولی ٹیکنالوجیز کے ساتھ ہونے والے ایک سالہ معاہدے میں پی ایس ایل کے میچز کی نشریات کے لیے انڈین خطے کو شامل نہیں کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں اس بار انڈین چینلز کو پی ایس ایل کی نشریات کے حقوق حاصل نہیں ہوں گے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ والی ٹیکنالوجیز نے پی سی بی کی مقررہ ریزرو قیمت سے بھی زیادہ بولی لگائی۔بورڈ نے یہ نہیں بتایا کہ گلوبل میڈیا رائٹس کتنے میں فروخت ہوئے ہیں۔
سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیرکے مطابق انٹرنیشنل میڈیا رائٹس میں 149 فیصد اضافہ پی ایس ایل پر دُنیا کے اعتماد کا عکاس ہے۔ پی ایس ایل کی مسابقتی اور معیاری کرکٹ نے دنیا بھر کے شائقین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ نئے معاہدے نے لیگ کی بزنس گروتھ پر ہمارے اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔
دوسری جانب ولی ٹیکنالوجیز کے سی ای او احسن طاہر نے کہا کہ یہ ہر اُس پاکستانی کی کامیابی ہے جو ’میڈ اِن پاکستان‘ ٹیکنالوجی پر یقین رکھتا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہ تو صرف ہماری ایچ بی ایل پی ایس ایل کے سفر کی شروعات ہے۔ ہمارے پاس بہت سے منصوبے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ سب لوگ ولی کے آئندہ اقدامات کا انتظار کریں۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال اپریل کے دوران انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں شدت پسندوں کے حملے کے بعد نشریاتی پلیٹ فارمز فین کوڈ اور سونی سپورٹس انڈیا نے پی ایس ایل کے میچز کی نشریات معطل کر دی تھی۔
سنہ 2024 میں پی سی بی نے سونی پکچرز نیٹ ورکس انڈیا کے ساتھ تین سالہ معاہدہ کیا تھا کہ جس کے تحت پاکستان کی تمام ہوم انٹرنیشنل سیریز اور پاکستان سپر لیگ کی نشریات دکھائی جانی تھیں۔