(عابد چودھری) چوہنگ میں حافظ رینٹ اے کار کے مالک مزمل اور مدثر دو بھائی تین سو شہریوں کی کروڑوں مالیت کی گاڑیاں ہڑپ گئے۔
چوہنگ کے رہائشیوں کو رینٹ اے کار پر گاڑیاں دینا مہنگا پڑ گیا۔ حافظ رینٹ اے کار کے مالک مدثر اور مزمل نامی دو بھائیوں نے شہریوں کو گاڑیوں کے عوض ماہانہ چالیس سے پچاس ہزار دینے کا لاچ دیکر تین سو پچاس سے زائد گاڑیاں لیں اور خود غائب ہو گئے۔
دو ماہ بعد بھی شہریوں کو کرایہ ملا اور نہ گاڑیاں تو متاثرین نے پولیس کو شکایات کیں مگر چوہنگ پولیس نے بھی مثارین کو لفٹ نہ کرائی تو متاثرین ایس پی صدر کے دفتر کے باہر سراپہ احتجاج بن گئے ۔
مظاہرین نے حافظ رینٹ اے کار کے خلاف کاروائی نہ کرنے پر چوہنگ پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ 25 کروڑ مالیت کی 350 سے زائد گاڑیاں رینٹ اے کار کے نام پر لی گئیں۔
دوسری جانب ایس پی صدر سید غضنفر شاہ کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے درخواستیں موصول ہو رہی ہیں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کئے جا رہے ہیں ۔ ملزمان اپنے دفتر اور گھروں کو تالے لگا کر فرار ہو چکے ہیں جن کی تلاش کے لئے چھاپہ مار ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ایس پی صدر کی جانب سے انصاف ملنے اور ملزمان کے خلاف کاروائی کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا ۔