ویب ڈیسک : اسلام آباد وزارت آئی ٹی کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 13 ارب روپے مالیت کے 9 میگا پروجیکٹس کی منظوری دیدی۔
یو ایس ایف بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس چیئرمین بورڈ وفاقی سیکرٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر)حفیظ الرحمان، ممبر ٹیلی کام جہانزیب رحیم، چیف ایگزیکٹو آفیسر یو ایس ایف چوہدری مدثر نوید ،محمد یوسف اور عائلہ ماجد نے شرکت کی۔
دوران اجلاس ملک کے 11 اضلاع کیلئے ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ، وائس کمیونیکیشن اور فائبر آپٹیکل کیبل کے 9 میگا پروجیکٹس کی منظوری دی گئی جب کہ منصوبوں کی مجموعی لاگت 13ارب روپے ہے ۔ ذرائع کے مطابق ان منصوبوں کی تکمیل سے 55 لاکھ سے زائد افراد کو انٹرنیٹ اور موبائل کنیکٹیویٹی سہولیات فراہم ہوں گی ۔ 11 اضلاع کے 178 ٹاؤنز و یونین کونسلز اور 753 گاؤں کے مکین ڈیجیٹل دنیا سے منسلک ہوسکیں گے۔
واضح رہے اس سے قبل ملک بھرمیں انٹرنیٹ کی سست رفتار یا انٹرنیٹ بند ہونے کی شکایات بڑھتی جا رہی تھیں ۔ عدالت بھی اس حوالے سے وزارت آئی ٹی سے استسفار کرچکی مگر کوئی واضح جواب موجود نہیں آیا اور سست انٹرنیٹ کی وجہ سے فری لانسرز کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس پر فری لانسرز نے احتجاج بھی کیااور ان کا کاروبار بھی کم یا ختم ہوا۔