علی ساحی : آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور اشتہاری مجرمان کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی، سعودی عرب سے ایک اور اشتہاری گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بہاولنگر پولیس کو مطلوب اشتہاری عبدالغفار واردات کے بعد سعودی عرب فرار ہو گیا تھا۔ پنجاب پولیس نے انٹرپول سے ملزم کا ریڈ نوٹس جاری کروایا، مسلسل تعاقب جاری رکھا، اشتہاری عبدالغفار بذریعہ انٹر پول سعودی عرب سے گرفتار ہو کر وطن واپس پہنچ گیا، جس کے بعد بہاولنگر پولیس نے ائیر پورٹ پر اشتہاری عبدالغفار کو حراست میں لے لیا۔
واضح رہے کہ رواں برس بیرون ممالک سے گرفتار ہونے والے اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 144 ہو گئی۔ ان مجرمان کو امریکہ، برطانیہ، یورپ ، افریقہ ، سعودی عرب اور خلیجی ممالک سے گرفتار کیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب نے اے کیٹیگری اشتہاری کو بیرون ملک سے ٹریس کرکے گرفتار کرنے پر پولیس ٹیم کو شاباش دی، ان کا کہنا ہے کہ قانونی مراحل جلد از جلد مکمل کرکے مجرم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سنگین مقدمات میں مطلوب خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے ۔