ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی سی بی کا غیر منظور شدہ ایشین لیجنڈز لیگ میں شرکت پر سخت ایکشن کا اعلان

پی سی بی کا غیر منظور شدہ ایشین لیجنڈز لیگ میں شرکت پر سخت ایکشن کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے زیمبیا میں جاری ایشین لیجنڈز لیگ 2026 میں بعض سابق پاکستانی کرکٹرز کی شرکت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بورڈ کی منظوری کے بغیر غیر منظور شدہ ایونٹس میں حصہ لینے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

پی سی بی کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایشین لیجنڈز لیگ 2026 کو غیر منظور شدہ کرکٹ ایونٹ قرار دیا ہے، جبکہ زیمبیا کرکٹ یونین نے بھی اس ایونٹ کو باضابطہ منظوری نہیں دی۔

بورڈ نے یاد دلایا کہ آئی سی سی قوانین کے تحت کسی بھی غیر ملکی ایونٹ میں شرکت سے قبل کھلاڑیوں کے لیے اپنے ہوم بورڈ سے این او سی حاصل کرنا لازمی ہے۔ آئی سی سی نے تمام رکن کرکٹ بورڈز کو بھی ہدایت کی ہے کہ غیر منظور شدہ ایونٹس میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے۔

پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ بورڈ کی اجازت کے بغیر ایسے ایونٹس میں حصہ لینے والے افراد کو آئندہ دو سال تک کسی بھی اوورسیز لیگ کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق خلاف ورزی کرنے والے افراد دو سال تک پی سی بی اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سے وابستہ کسی بھی ذمہ داری، بشمول کرکٹ، کوچنگ، مینٹورنگ اور دیگر اسائنمنٹس کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے عالمی کرکٹ قوانین پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تمام موجودہ اور سابق کرکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ بیرون ملک کسی بھی کرکٹ ایونٹ میں شرکت سے قبل لازمی طور پر پی سی بی سے این او سی حاصل کریں۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ اس حوالے سے آئی سی سی اور دیگر رکن کرکٹ بورڈز کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔