مشتاق بھٹہ :کراچی سے آنے والی ہزارہ ایکسپریس لودھراں کے قریب گیلے وال ریلوے اسٹیشن پر حادثے کا شکار ہو گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق رات تقریباً2بجے پیش آنے والے حادثے میں ٹرین کے انجن کی بریکیں فیل ہو گئیں، جس کے باعث ٹرین پٹری سے اتر کر سینڈ ہمپ پر چڑھ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں انجن سمیت دو بوگیاں متاثر ہوئیں، تاہم خوش قسمتی سے کسی مسافر یا عملے کے فرد کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی اسٹیشن ماسٹر گلزار حسین اور ڈی ایس ریلوے موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
ریلوے حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ انجن کی جگہ متبادل انجن لگایا، جس کے بعد ہزارہ ایکسپریس کو اپنی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد ریلوے حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔