ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

یوم شہدا پولیس تجدید عہد کا دن، زندہ قومیں اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتیں، آئی جی پنجاب

یوم شہدا پولیس تجدید عہد کا دن، زندہ قومیں اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتیں، آئی جی پنجاب
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی ساہی:یومِ شہداء پولیس کے موقع پر انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس عبدالکریم نے ملک و قوم کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز کی حفاظت کے لیے جامِ شہادت نوش کرنے والے عظیم سپوت قوم کا فخر ہیں۔

اپنے خصوصی پیغام میں آئی جی پنجاب نے کہا کہ وہ اپنے لختِ جگر وطن پر قربان کرنے والی ماؤں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں، جن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے 1,743 بہادر افسران اور جوانوں نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

عبدالکریم کا کہنا تھا کہ یومِ شہداء پولیس تجدیدِ عہد کا دن ہے اور زندہ قومیں اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء نے اپنا آج وطن عزیز پر قربان کرکے قوم کے کل کو محفوظ بنایا، جبکہ شہداء کے اہلِ خانہ کی بہترین ویلفیئر اور ہر ممکن دیکھ بھال ان کی اولین ترجیح ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق یومِ شہداء پولیس کی مرکزی تقریبات کل صوبہ بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کی جائیں گی۔ اس موقع پر شہداء کی قبروں پر گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا، ان کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی جائے گی، جبکہ مساجد میں قرآن خوانی اور ملک کی سلامتی، امن و استحکام کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔