(علی ساہی) آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے کہا ہے کہ پولیس فورس اپنے 500 1شہداء کی وارث ہے، کوئی اہلکار شہید ہو تو لگتا ہے میرے جسم کا کوئی عضو کٹ گیا، پر عزم اور بہادر فورس کا کمانڈر ہونے پر فخر ہے، شہداء کے عظیم خاندانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر ملک دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بننے والے پولیس جوانوں کو قوم کا سلام ، شہید ہونے والے اہلکاروں کی یاد میں آج یوم شہداء پولیس منایا جا رہا ہے، پولیس کے یوم شہدائے کے حوالے سے آئی جی پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام کے تحفظ کیلئے پولیس کا ہر جوان جان قربان کرنے کیلئے تیار رہتا ہے، میری درخواست پر حکومت پنجاب نے پولیس کے منجمد الاؤنسز بحال کیے، شہداء کے خاندانوں کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان بھی کیا گیا، شہداء کے خاندانوں میں چیک بھی تقسیم کردیئے گئے، مجھے کسی صورت شہداء کی فیملیز سے الگ نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کے مسائل کے حل کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں ایک ڈی آئی جی رینک کا آفیسر تعینات کیا گیا جبکہ شہداء کے خاندانوں کیلئے میں خود بھی ہمہ وقت موجود ہوں، پولیس کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔