مہر عمران: حکومت کی جانب سے مفت سفری سہولت فراہم کیے جانے کے باوجود ملتان میں سپیڈو بس سروس شدید مسائل کا شکار ہو گئی، بسوں کی بروقت دستیابی نہ ہونے اور فنی خرابیوں کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں سپیڈو بسیں مقررہ اوقات پر روٹس پر نہ چل سکیں، جس کے باعث بس اسٹاپس پر شہریوں کا رش بڑھ گیا اور مسافر طویل انتظار کرنے پر مجبور ہو گئے۔
وہاڑی چوک پر صورتحال مزید خراب رہی جہاں الیکٹرک بسیں ایک گھنٹے سے زائد وقت تک کھڑی رہیں، جبکہ بسوں کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ بسیں نہ صرف تاخیر کا شکار ہیں بلکہ کئی مرتبہ راستے میں بھی خراب ہو جاتی ہیں، جس سے سفر مزید دشوار ہو جاتا ہے۔ شہریوں کے مطابق مفت سفر کی سہولت کے باوجود انہیں حقیقی ریلیف نہیں مل رہا۔
سپیڈو بس ڈرائیورز کے مطابق دو بسیں اڈے سے نکلتے ہی فنی خرابی کا شکار ہو گئیں، جس سے سروس کا نظام متاثر ہوا۔
دوسری جانب بسوں کی کمی اور تاخیر کے باعث شہری پرائیویٹ رکشوں پر کرایہ ادا کر کے سفر کرنے پر مجبور ہو گئے۔
شہریوں نے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مسائل کا حل نکالا جائے تاکہ مفت سفری سہولت کا حقیقی فائدہ عوام تک پہنچ سکے۔