ابو بکر ارشد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اتار چڑھاؤ اور لیوی ٹیکس میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہ آ سکی، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مسافروں کے مطابق لاری اڈا سے مختلف شہروں کے کرایوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ لاہور سے اسلام آباد کا کرایہ 2200 سے بڑھ کر 2600 روپے، لاہور سے فیصل آباد 1050 سے بڑھ کر 1400 روپے جبکہ لاہور سے میانوالی کا کرایہ 2300 سے بڑھ کر 2900 روپے کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح لاہور سے ملتان کا کرایہ بھی 2000 سے بڑھ کر 2400 روپے ہو گیا ہے۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ ہر بس ٹرمینل اپنی مرضی کے کرائے وصول کر رہا ہے جبکہ عوام کو کہیں بھی ریلیف نہیں دیا جا رہا۔
دوسری جانب بس مالکان کا کہنا ہے کہ شہری نئے کرائے دینے کو تیار نہیں، جس کے باعث انہیں روٹس محدود کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔