ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

قیدیوں کی سزا میں معافی اور بقیہ سزا کا تمام ریکارڈ آن لائن کر دیا گیا

قیدیوں کی سزا میں معافی اور بقیہ سزا کا تمام ریکارڈ آن لائن کر دیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

قیصر کھوکھر: محکمہ داخلہ پنجاب نے قیدیوں کی سزا میں معافی اور بقیہ سزا کا تمام ریکارڈ آن لائن کر دیا ہے۔سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے اس جدید سسٹم کا افتتاح کیا جس کے ذریعے قیدیوں کے اہل خانہ صرف ایک ایس ایم ایس کے ذریعے ان کی رہائی کی تاریخ اور سزا میں معافی کی تفصیلات حاصل کر سکیں گے۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کی سزا میں معافی کی تفصیلات اور رہائی کی تاریخ کے بارے میں معلومات کے لیے اہل خانہ پی ایم آئی ایس سپیس پرنسل کمپیوٹر نمبر لکھ کر 8070 پر میسج کر سکتے ہیں۔ محکمہ داخلہ کے جوابی میسج میں گزشتہ دو معافیوں کی تفصیل اور رہائی کی تاریخ فراہم کی جائے گی۔

تمام معلومات صرف ایک میسج پر دستیاب ہوں گی، جس کے سٹینڈرڈ چارجز پانچ روپے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ نے مزید کہا کہ جیل قوانین کے مطابق قیدیوں کی سزا میں کمی یا معافی کی کئی صورتیں ہیں اور ہر معافی کو فوری طور پر قیدی کے ریکارڈ کا حصہ بنایا جانا ضروری ہے۔ اس سسٹم سے قیدیوں اور ان کے اہل خانہ کو سزا میں معافی کا ریکارڈ حاصل کرنے میں کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہوگا۔

سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ قیدیوں کی سزا میں معافی اور رہائی کا تمام ڈیٹا شفاف انداز میں آن لائن کر دیا گیا ہے اور اس کا بروقت اپڈیٹ کرنے کے لیے قواعد و ضوابط جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی سطح پر ان قواعد کی خلاف ورزی کی گئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔