(حافظ شہباز علی) کورونا وائرس کے پیش نظرپاکستان کرکٹ بورڈ نےماہ رمضان میں کسی بھی قسم کی کرکٹ سرگرمی کے لیے این او سی جاری نہ کرنے کا اعلان کردیا، علامیہ کے مطابق پی سی بی اپنے ملازمین اور کھلاڑیوں کی حفاظت کے حوالے سے بہت سنجیدہ ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری علامیہ میں کہا گیا ہے کہ چند منتظمین نے رمضان میں کرکٹ کے لیے این او سی کے حصول کی غرض سے رابطہ کیا۔ اس وقت مناسب یہی ہے کہ ہم اس سلسلے میں اپنی واضح اور جامع پالیسی پر عمل کریں۔پالیسی کے مطابق پی سی بی نےفی الوقت تمام تر کرکٹ سرگرمیوں کو معطل کر رکھا ہے، جب تک حالات معمول پر نہیں آتے ،پی سی بی رمضان کرکٹ کے لیے کوئی این او سی جاری نہیں کرے گا۔
پی سی بی منتظمین اور کرکٹرز سے درخواست کرتا ہے کہ وہ تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے گھروں میں رہیں، سماجی فاصلہ اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی اجتماعی سرگرمی سے دور رہیں۔
علامیہ کے مطابق پی سی بی اپنے ملازمین اور کھلاڑیوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے حوالے سے بہت سنجیدہ ہے۔ملازمین کے علاوہ تقریباََ 220پیشہ ور کرکٹرز پی سی بی کے پے رول پر ہیں۔ پی سی بی اس عمل کو یقینی بنائے گا کہ تمام کھلاڑیوں کو کم از کم مالی سال برائے 2019-20 کے اختتام تک تنخواہیں ادا کی جائیں۔علاوہ ازیں اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ ماہوار تنخواہ میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔