کلیم اختر: دھی رانی پروگرام کے تحت مستحق بچیوں کی اجتماعی شادیوں کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس کی صدارت صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر سائرہ عمر، ڈی جی ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم، ڈائریکٹر اور تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سیکرٹری سوشل ویلفیئر سائرہ عمر نے دھی رانی پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ ڈائریکٹر پلاننگ نے پروگرام کے پس منظر، اب تک کی پیشرفت اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد دھی رانی پروگرام کا آغاز کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران دھی رانی پروگرام کے تحت 5 ہزار مستحق بچیوں کی اجتماعی شادیاں کروائی جائیں گی، جبکہ اجتماعی شادیوں کا سلسلہ اکتوبر سے شروع کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے ہدایت کی کہ شادیوں کے انعقاد سمیت دھی رانی پروگرام کے تمام مراحل میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پروگرام کے تمام پہلوؤں کو مزید بہتر بنانے اور جاری اقدامات میں تیزی لانے کی ہدایت بھی کی۔
سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ دھی رانی پروگرام سے متعلق تمام اقدامات تیز کیے جائیں تاکہ پروگرام کو جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔