طیب سیف: این سی سی آئی اے راولپنڈی نے کارروائی کرتے ہوئے آن لائن فراڈ کے ایک کال سینٹر کو پکڑ کر 28 ملزمان کو گرفتار کر لیا.
این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں 24 مرد اور 4 خواتین شامل ہیں، جبکہ کارروائی کے دوران کال سینٹر سے مختلف کمپیوٹرز اور موبائل فونز بھی قبضے میں لے لیے گئے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان ٹیلی گرام اور جعلی خواتین کی فیس بک پروفائلز کے ذریعے شہریوں کو مبینہ طور پر دھوکہ دیتے تھے۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزمان جعلی ای کامرس اور انویسٹمنٹ اسکیموں کے ذریعے لوگوں کو سرمایہ کاری پر آمادہ کرتے تھے، جس کے باعث متعدد متاثرین کو مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
ادارے کے مطابق کال سینٹر کا مبینہ چینی ماسٹر مائنڈ تاحال مفرور ہے اور سابقہ چھاپوں کے بعد سے روپوش ہے، جبکہ کال سینٹر میں کام کرنے والے تمام گرفتار افراد پاکستانی شہری ہیں۔ مفرور ماسٹر مائنڈ اور نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
این سی سی آئی اے نے بتایا کہ اس معاملے کا مقدمہ نمبر 1916/2026 مورخہ 25 اگست کو درج کیا گیا، جبکہ ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات جاری ہیں۔