ویب ڈیسک :کنگ سلمان ریلیف نے خیبر پختونخوا میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں ہنگامی امدادی سامان کی تقسیم شروع کر دی۔
امدادسیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہونیوالے اضلاع بونیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، دیر بالا، دیر پائیں، صوابی اور دیگر متاثرہ علاقوں میں فراہم کی جا رہی ہے۔
موجودہ صورتحال کے پیش نظر کنگ سلمان ریلیف نے 10,000 شیلٹر کٹس اور 10,000 فوڈ پیکجزمختص کیے ہیں، ہر شیلٹر کٹ میں ایک خیمہ، سولر پینل بمعہ ایل ای ڈی لائٹس،دو تھرمل کمبل، پلاسٹک میٹ، پائیدار کچن سیٹ، پانی کے کولر اور اینٹی بیکٹیریل صابن شامل ہیں۔
ہنگامی امدادی سامان میں شامل ہر فوڈ پیکج کا وزن 95 کلوگرام ہے جس میں آٹا، چینی، دالیں اور خوردنی تیل شامل ہیں،امدادی سامان کی تقسیم نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ، محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری خیبر پختونخوا اور کنگ سلمان ریلیف کے نفاذی شراکت دار حیات فاؤنڈیشن اور پیس اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے شفاف اور بروقت کی جا رہی ہے۔
یہ اقدام مملکت سعودی عرب کی جانب سے کنگ سلمان ریلیف کے ذریعے پاکستان کے عوام کے ساتھ ہر مشکل وقت میں انسانی ہمدردی اور عملی تعاون کے عزم کی تجدید ہے۔