ملک اشرف : پنجاب بار کونسل انتخابات یکم نومبر کو ہوں گے، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی کل آخری تاریخ ہے۔
پنجاب بار کونسل انتخابات 2025 کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ صوبے بھر میں وکلاء برادری کی نظریں اس بڑے انتخابی عمل پر جمی ہوئی ہیں۔ ریٹرننگ آفیسر/ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پولنگ یکم نومبر کو ہوگی، جس میں ہزاروں وکلاء اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔انتخابی شیڈول کے تحت امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے اور 4 اکتوبر اس کی آخری تاریخ ہے۔ 6 اکتوبر کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست شائع کی جائے گی۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 9 تا 11 اکتوبر کے دوران لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، بہاولپور، ڈی جی خان، سرگودھا اور ساہیوال ڈویژنز میں مکمل کی جائے گی ،امیدواروں کو کاغذات واپس لینے کے لیے 14 اکتوبر تک کی مہلت دی گئی ہے جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 16 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔پولنگ یکم نومبر کو صوبے بھر میں بیک وقت ہوگی۔