سٹی 42 : ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی ویزوں پر سفر کرنے والے 2 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر جعلی اسٹیمپ اور جعلی پروٹیکٹر اسٹیکرز پر سفر کرنے والے 2 مسافروں کو گرفتار کرلیا گیا، جن کی شناخت لیور خان اور نعمان کے ناموں سے ہوئی۔ پہلی کارروائی میں یو اے ای جانے والے مسافر لیور خان کو مشتبہ قرار دے کر آف لوڈ کیا گیا، مسافر نے پاکستانی پاسپورٹ پر ورک ویزہ حاصل کر رکھا تھا، امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافر کو مشکوک پایا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر کے پاسپورٹ پر آمد کی جعلی اسٹیمپس پائی گئیں، مسافر انگور اڈہ بارڈر کے ذریعے غیر قانونی آمدورفت کرتا رہا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے بتایا کہ ایک اور کارروائی میں ازبکستان جانے والے نعمان نامی مسافر کو جعلی پروٹیکٹر اسٹیکرز پر آف لوڈ کردیا گیا، مسافر پاکستانی پاسپورٹ پر وزٹ ویزہ لے کر سفر کر رہا تھا، ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر کے پاسپورٹ پر لگی پروٹیکٹر اسٹیکر مشکوک پائی گئی۔ ریگولا سسٹم کی فرانزک رپورٹ سے معلوم ہوا کہ اسٹیکر کے سکیورٹی فیچرز، مائیکرو پرنٹنگ اور دیگر علامات غائب تھیں، اور اسٹیکر نمبر بھی درج نہیں تھا، ابتدائی تفتیش میں مسافر نے انکشاف کیا کہ وہ سعودی عرب میں ملازمت کے لیے سفر کر رہا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مسافر الطاف کھوسو اور جہانگیر بھٹو نامی ایجنٹس کے ساتھ رابطے میں تھا، مسافر نے مذکورہ ایجنٹس کو سعودی ویزہ اور پروٹیکٹر اسٹیکر کے لیے 3 لاکھ 80 ہزار روپے ادا کیے تھے، مذکورہ ایجنٹس نے متعدد شہریوں سے رقم وصول کی۔
مسافروں کو آف لوڈ کر کے قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔