حکومت کی تبدیلی پر عمران خان نے امریکا سے وضاحت مانگ لی

 حکومت کی تبدیلی پر عمران خان نے امریکا سے وضاحت مانگ لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جوبائیڈن انتظامیہ سے پاکستان میں حکومت کی تبدیلی پر وضاحت مانگ لی اور کہا ہے کہ پاکستان کے منتخب وزیراعظم کو ہٹا کر کٹھ پتلی وزیراعظم کو لایا گیا، کیا امریکا کے اس اقدام سے پاکستان میں امریکا مخالف جذبات کو تقویت نہیں ملی؟؟

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جوبائیڈن انتظامیہ کو مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا کہ 22 کروڑ آبادی کے حامل ملک کے منتخب وزیراعظم کو ہٹا کر کٹھ پتلی وزیراعظم کو لایا گیا، کیا امریکا کے اس اقدام سے پاکستان میں امریکا مخالف جذبات کو تقویت نہیں ملی؟سابق وزیراعظم نے بیانیے کے حق میں امریکی تجزیہ کار کی ویڈیو بھی شیئر کر دی ۔

عمران خان نے کہا کہ امریکا پاکستان میں فرمانبردار اور کٹھ پتلی وزیراعظم کا خواہاں تھا اور پاکستان کے یورپین وار میں غیر جانب دارانہ کردار سے خائف تھا، سازش کے تحت کرپٹ ترین آدمی کو وزیراعظم بنایا گیا ہے، انہیں اس لیے لایا گیا کہ یہ پاکستان کے مفادات کے خلاف امریکا کی باتیں مانیں گے، امریکا کی جنگ میں شرکت کرکے ہم نے اپنے لوگوں کو شہید کرایا، امریکی جنگ لڑ کر پاکستان کو کیا فائدہ ہوا؟

عمران خان نے کہا کہ ہم نے سب کو آگاہ کیا کہ پاکستان میں ہماری حکومت بیرونی سازش کے تحت ہٹائی گئی، مراسلہ قوم کے سامنے رکھا، صدر، چیف جسٹس سب کو مراسلہ بھیجا اور بتایا کہ پاکستان کی حکومت کے خلاف سازش کی گئی، موجودہ وزیراعظم نے کہا مراسلہ جھوٹا ہے، آج سب مان رہے ہیں، امریکا میں پاکستانی سفیر کے پیغام کے بعد چیف جسٹس کا یہ فرض ہے کہ وہ کمیشن بنائیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مراسلے پر کمیشن بنایا جائے اور اس کی کھلی سماعت ہو، تحقیقات ہوں گی تو پتا چلے گا کس کس نے ملک کے ساتھ غداری کی، انہوں نے ہم پر کیسز بنائے اصل میں ان پر غداری کے کیسز چلنے چاہئیں، یہ قوم اللہ کے سوا کسی کی غلامی کیلئے تیار نہیں۔