’’کورونا وائرس کا چیلنج طویل بھی ہوسکتا ہے‘‘

’’کورونا وائرس کا چیلنج طویل بھی ہوسکتا ہے‘‘
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( شاہد ندیم ) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے تاجر پریشان ہیں، جہاں حالات خراب ہوں وہاں پر لاک ڈاؤن میں سختی کرنا پڑتی ہے۔

سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائینسز میں کورونا وائرس پر سینئر ڈاکٹرز سے بریفنگ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا مریضوں نے انتظامات پر احتجاج کیا ہے، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیا ہے، امید ہے پنجاب حکومت معاملے کو سنجیدگی سے دیکھتے ہوئے حل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا آغاز جب ہوا اس وقت سب سے بڑا قرنطینہ سینٹر ملتان میں بنایا گیا، وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا وائرس کا چیلنج طویل بھی ہوسکتا ہے، ایسے میں حکومت کو غربت اور کورونا کیخلاف جنگ لڑنی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاجر اس وقت پریشان ہے، ان کا بھی سوچنا ہے۔ چیلنج یہ ہے کہ کیا ہماری صحت کا نظام سب کچھ برداشت کر پائیگا؟؟

کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیلنےلگا ہے، ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 908 کورونا کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 19 ہزار 22 تک پہنچ گئی، مہلک وائرس سے اب تک  437 افراد لقمہ اجل بن چکے۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں کورونا کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا،  گزشتہ  24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 334 نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد لاہور میں متاثرہ افراد کی تعداد 2154 تک پہنچ گئی، پنجاب بھر میں 89 ہزار تشخیصی ٹیسٹوں کے نتیجے میں کورونا کے514  نئے کیسز کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 6 ہزار854 ہوگئی، 48 روز کے دوران صوبے میں 115 شہری کورونا سے جان کی بازی ہارچکے ہیں جبکہ لاہور میں کورونا کے 55 مریض دم توڑ گئے،  پنجاب میں 2206   کورونا مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ  22  مریضوں  کی حالت تشویشناک ہے۔