سعید احمد:ایران اور خلیجی ممالک کے بارڈر بند ہونے کے باعث ایل پی جی کے بحران کے امکانات بڑھ گئے ، جبکہ شہر میں مختلف مقامات پر من مانی قیمت پر ایل پی جی کی فروخت جاری ہے۔
اوگرا نے ایل پی جی کی فی کلو قیمت 213 روپے 88 پیسے مقرر کی ہے جبکہ ذرائع کے مطابق شہر میں یہ 300 سے 320 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنگ کے طویل ہونے کی صورت میں ایل پی جی کا شدید بحران پیدا ہو سکتا ہے، کیونکہ ایل پی جی کی یومیہ کھپت 7 ہزار میٹرک ٹن تک جاتی ہے اور لاہور میں روزانہ 14 سے 15 سو میٹرک ٹن ایل پی جی استعمال ہوتی ہے، جبکہ لوکل پروڈکشن یومیہ 2 ہزار سے 2,200 میٹرک ٹن ہے۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری طور پر ایل پی جی کا 3 سے 4 روز کا سٹاک موجود ہوتا ہے، لیکن نجی شعبے کے پاس زیادہ دنوں کے لیے سٹاک رکھنے کی صلاحیت موجود ہے۔
چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز کا کہنا ہے کہ جنگی صورتحال میں انرجی کے بحران میں اضافہ ہوگا، اور مافیا مصنوعی قلت پیدا کرکے بلیک مارکیٹنگ شروع کر سکتا ہے۔
چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری انڈسٹریز عرفان کھوکھر نے حکومت سے فوری تدابیر اختیار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔