علی ساہی: صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا عمل جاری ہے جبکہ گزشتہ ماہ 7 لاکھ 91 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق دو لاکھ 74 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس بنوائے جبکہ دو لاکھ 64 ہزار سے زائد شہریوں نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے۔
تفصیلات کے مطابق اسی طرح دو لاکھ 45 ہزار شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیورز لائسنس کی تجدید کروائی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ 1700 سے زائد شہریوں نے گم شدہ لائسنس دوبارہ حاصل کیے جبکہ 3 ہزار 500 سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے گئے۔ ایک لاکھ 77 ہزار سے زائد شہری آن لائن ڈرائیونگ سہولیات سے مستفید ہوئے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس شہریوں میں لائسنس کی افادیت کے شعور کو اُجاگر کر رہی ہے جبکہ ای ڈرائیونگ لائسنس کی اہمیت ڈرائیونگ لائسنس کارڈ کے برابر ہے۔