(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان ڈیموکریٹک کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے دعویٰ کیا کہ ہم الیکشن جیت چکے ہیں، بس اب رزلٹ کا انتظار ہے۔
سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں یوسف رضا گیلانی قومی اسمبلی پہنچے تو انہیں صحافیوں نے گھیر لیا، اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سینیٹ الیکشن جیت چکے ہیں، بس اب رزلٹ کا انتظار ہے، پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار حفیظ شیخ کو سینیٹ انتخابات میں ووٹ نہیں ملیں گے ۔علی حیدر گیلانی کی ویڈیو سے متعلق سوال پر یوسف رضا گیلانی نے جواب دیا کہ یہ ایک پلانٹڈ ویڈیو ہے۔
دوسری جانب سینیٹ الیکشن کے لیے حکومتی امیدوار حفیظ شیخ اور یوسف رضا گیلانی کے درمیان قومی اسمبلی میں غیر رسمی ملاقات ہوئی اور دونوں کے درمیان ہلکی پھلکی بات چیت بھی ہوئی۔
واضح رہےکہ سینیٹ کی 37 نشستوں کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے،جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا، اس موقع پر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، اسلام آباد کی 2، سندھ کی 11، خیبرپختونخوا کی 12 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر پولنگ جاری ہے، صوبوں کی نشستوں پر ارکان صوبائی اسمبلی ووٹ ڈال رہے ہیں جبکہ اسلام آباد کی 2 نشستوں پر ارکان قومی اسمبلی ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں،اسلام آباد کی جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے یوسف رضا گیلانی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔