سٹی42: پاکستان کرکٹ بورڈ نے صوبائی و سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن اور کلبز کے انتخابات کے قواعد وضوابط جاری کردیئے ہیں،جن میں کلبز کے عہدیداروں کی مدت کا تعین کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے صوبائی و سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن اور کلبز کے انتخابات کے قواعد وضوابط جاری کردیئے۔ کلبز کے عہدیداروں کی مدت دوسال ہوگی قواعد واضوابط گورننگ بورڈ کی منظوری کے بعد جاری کئے گئے۔
انتخابی قواعد و ضوابط 27 صفحات پر مشتمل ہے جس میں واضح کیا گیا کہ کلب کی سطح پر صدر اور خازن کے عہدوں پر انتخاب لا زمی کروانا ہوں گے جبکہ دیگرعہدوں پر انتخاب کی بجائے نامزدگی بھی کی جاسکے گی۔
قواعد و ضوابط کے مطابق اب سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن میں انتظامی کمیٹی ممبر اورسٹی ایسوسی ایشن عہدیداروں کا انتخاب ،صوبائی کرکٹ ایسوسی ایشن میں انتظامی کمیٹی رکن اور عہدیداروں کا انتخاب کیا جائے گا۔پہلی مرتبہ کلب کے ہر منتخب عہدیدار کو انتخابی فیس کے طورپر پانچ ہزار روپے جمع کرواناہوگا جبکہ کلب میں صدر اور خازن کے علاوہ جس عہدے پر الیکشن ہوگا اس پر بھی پانچ ہزار روپے جمع کرواناہوں گے۔سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن میں ہر عہدے کے امیدوار کو 15 ہزار روپے جبکہ صوبائی ایسوسی ایشن کے ہر امیدوار کو 25 ہزارروپے جمع کروانا ہوں گے۔انتخابی عمل کلبوں کی رجسٹریشن کے بعد شروع ہوگا۔