ویب ڈیسک: عیدالاضحیٰ سے قبل کوئٹہ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت برقرار ہے، جس کے باعث متعدد پیٹرول پمپس بند جبکہ کھلے پمپس پر شہریوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں پیٹرول کے حصول کیلئے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایرانی پیٹرول پر پابندی اور مقامی سپلائی میں تعطل کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ کئی گھنٹے انتظار کے باوجود ایندھن دستیاب نہیں ہو رہا۔
دوسری جانب پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق عید کی تعطیلات کے باعث ملکی پیٹرولیم کمپنیوں کی سپلائی میں تاخیر ہوئی، جس سے قلت پیدا ہوئی۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ شکارپور کے ڈپوؤں سے پیٹرول اور ڈیزل کی لوڈنگ مکمل کر لی گئی ہے اور صورتحال کو معمول پر آنے میں مزید دو روز لگ سکتے ہیں۔
ادھر ضلعی انتظامیہ نے پیٹرول کی فراہمی کی نگرانی کیلئے ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر مہر اللہ بادینی کے مطابق رجسٹرڈ پیٹرول پمپس کو یومیہ 5 ہزار لیٹر تک سپلائی فراہم کی جا رہی ہے اور کسی بھی پمپ کی غیر ضروری بندش برداشت نہیں کی جائے گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایندھن کی دستیابی یقینی بنانے اور مصنوعی قلت کی روک تھام کیلئے تمام پیٹرول پمپس کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔