شاہد سپرا: محکمہ اوقاف کے زیر انتظام دربار بی بی پاکدامن میں کیش کی مبینہ خردبرد سے متعلق انکوائری مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار افسران اور ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بطور مجاز اتھارٹی پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت حتمی فیصلہ جاری کرتے ہوئے متعدد سزاؤں کا اعلان کیا۔
فیصلے کے مطابق سابق منیجر زاہد اقبال کی 5 سالہ سروس ضبط کر دی گئی ہے جبکہ ان پر 53 لاکھ 86 ہزار روپے سے زائد کی ریکوری بھی عائد کی گئی ہے۔
اسی طرح سابق سینئر کلرک امتیاز حسین کو 3 سال کے لیے سالانہ ترقیوں سے محروم رکھنے کی سزا دی گئی ہے، جبکہ سابق گیٹ کیپر محسن شاہ اور سابق نگران ظفر اقبال پر کیش ہینڈلنگ سے متعلق ذمہ داریاں مستقل طور پر عائد کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ کا کہنا تھا کہ زائرین کے نذرانوں اور عطیات میں خیانت عوامی اعتماد کی سنگین خلاف ورزی ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ اوقاف میں شفافیت اور احتساب کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔