عرفان ملک:ڈیفنس سی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی چوری کا سراغ لگا لیا اور واردات میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق یہ واردات عیدالاضحیٰ کے روز پیش آئی تھی، جسے باپ بیٹے نے مل کر منظم منصوبہ بندی کے تحت انجام دیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو ٹبہ گوہاوا جنوبی چھاؤنی اور بھٹہ چوک کے علاقوں سے گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت جوزف مسیح عرف ساگا اور جمشید ساگا کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان پوش علاقوں میں واردات کے لیے گوشت مانگنے والوں کا روپ دھار کر گھروں کی ریکی کرتے رہے۔ وہ گھروں کی بیل بجا کر رہائشیوں کی موجودگی یا عدم موجودگی کا جائزہ لیتے تھے، اور جن گھروں سے کوئی جواب نہ ملتا انہیں واردات کے لیے ہدف بنایا جاتا تھا۔
واردات کے دوران ملزمان نے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان چوری کیا، جس میں طلائی زیورات، گھڑیاں، غیر ملکی کرنسی اور دیگر قیمتی اشیاء شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں سے جوزف مسیح چوری، ڈکیتی، ناجائز اسلحہ اور نقب زنی سمیت 45 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہے۔
دونوں ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے۔