سٹی42: آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیاہے کہ بلوچستان جائز اور برحق پاکستان کا حصہ ہے۔ بلوچستان کبھی پاکستان سےالگ نہیں ہوسکتا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری نے ہلال ٹاکس میں اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ ہلال ٹاکس میں ملک بھر سے1950 سے زائد سینیر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری نے ٹیچرز کو تفصیل اور وضاحت کے ساتھ بتایا کہ ہندوستان اور ہندوستانی پراکسیز کیسے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے خطرہ ہیں۔

جنرل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی معیشت اور معاشرت میں رچا بسا ہوا ہے، بلوچستان کے تمام شہری پاکستان کے برابر کے شہری ہیں، جلد وہ دن آئے گا کہ بلوچستان پاکستان کا سب سے امیر صوبہ بنےگا۔
نام نہاد تنظیم بی ایل اے(فتنہ الہندوستان) کو بھارت سے مکمل مالی معاونت ملتی ہے۔ اسے انڈیا سے ٹیکنیکل مدد اور رہنمائی بھی ملتی ہے۔ پروپیگنڈا مین بھی بھارت اس کی مدد اور رہنمائی کرتا ہے۔بی ایل اے کی قیادت ہندوستان میں ہے، فتنہ الخوارج والا کہتا ہے ہمیں ہندوستان مدد کرے، یہ دہشتگرد ہندوستان کے زر خرید غلام ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ عوام سے ہی پاکستان کی افواج ہیں۔ افواج سے عوام،محبت کا یہ لازوال رشتہ ہمیشہ قائم دائم رہےگا۔