سٹی42: پیر کی شام خیبر پختونخواہ کی وادیِ تیراہ میں ژالہ برسنے کے بعد شمالی اور وسطی پنجاب کے وسیع علاقہ میں بارش برس پڑی۔ ابتدا میں لاہور کے حصے میں صرف ڈسٹ سٹارم ہی آیا تاہم رات ساڑھے نو بجے بعض علاقوں میں آندھی کے ساتھ بارش بھی ہو گئی۔
اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سرائے عالمگیر، کھاریاں، گجرات، گوجرانوالہ، مانوانوالہ، شہخوپورہ، پنڈی بھٹیاں کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش برسی ہے۔
لاہور اور گرد و نواح کے علاقوں میں شام سے تیز ہوا چلنے لگی تھی جو رات نو بجے تک جاری ہے۔ چوہنگ اور بعض دیگر علاقوں میں تیز ہوا نے آندھی جیسی شکل اختیار کر لی جبکہ باقی علاقوں میں یہ ڈسٹ سٹارم جیسی دکھائی دے رہی ہے۔
چوہنگ اور شہر کے کئی دوسرے علاقوں میں تیز آندھی کے نتیجہ میں لیسکو کے فیڈر ٹرپ ہو گئے اور وسیع علاقے میں بجلی کی فراہمی بند ہو گئی۔
آج پیر کے روز بھی لاہور میں ایک گرم ترین دن تھا، دوپہر دو سے تین بجے کے دوران زیادہ سے زیادہ ٹمپریچر 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔ بعد ازاں تیز ہوا چلنے کے سبب ٹمپریچر میں خاطر خواہ کمی آئی تاہم ماحول میں حدت برقرار رہی۔
موجودہ درجہ حرارت 41 سینٹی گریڈ ہو تاہم یہ ہوا مسلسل چلنے کی وجہ سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ جیسا محسوس ہو رہا ہے۔
آج شب لاہور میں ہوا میں نمی کا تناسب 27 فیصد ہے۔ ہوا 26 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔ ڈسٹ سٹارم کے باعث حد نگاہ میں کمی ہو گئی ہے۔
شیخوپورہ سے گوجرانوالہ تک موسلاھار بارش
شیخوپورہ شہر اور نواحی علاقوں میں پیر کی شب اچانک بارش ہونے سے گرمی کی شدید لہر کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ شیخوپورہ میں شہریوں نے آج شب بارش ہونے سے سکھ کا سانس لیا ہے۔
گوجرانوالہ اور گردونواح کے علاقوں میں بھی پیر کی رات تیز ہوا کے ساتھ بارش برس گئی۔ بارش کے دوران تیز وا کے سبب گیپکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
ضلع حافظ آباد کیں دریائے چناب کے کنارے واقع شہر پنڈی بھٹیاں میں بھی آج گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ہے۔ تھوڑے وقت کیلئے ہونے والی اس بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ شیخوپورہ گوجرانوالہ روڈ پر واقع قصبہ مانانوالہ میں بھی آج رات گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
ضلع شیخوپورہ کے شہر خانقاہ ڈوگراں اور گردونواح میں بھی گرد آلود آندھی کے بعد بارش ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔
شاہ کوٹ شہر اور گردونواح کے علاقوں میں بھی گردآلود تیز آندھی کے بعد ہلکی بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت میں کمی آ گئی ہے
گجرات شہر سے لے کر لالہ کھاریاں اور سرائے عالمگیر تک سارے علاقہ میں موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا ہے۔ علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارش سے موسم سہانا ہو گیا ہے۔
بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہو گئی ہے۔
سرائے عالمگیر شہر اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا، گرمی کا زور ٹوٹنے سے شہریوں کے مرجھائے ہوئے چہرے کھل اٹھے۔