ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

آیت اللہ خامنہ ای کی نماز جنازہ کون پڑھائے گا؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیں

آیت اللہ خامنہ ای کی نماز جنازہ کون پڑھائے گا؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی نماز جنازہ کون پڑھائے گا، اس حوالے سے تاحال باضابطہ سرکاری اعلان سامنے نہیں آیا، تاہم ایرانی ذرائع کے مطابق مرکزی نماز جنازہ آیت اللہ جعفر سبحانی کی امامت میں ادا کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ تہران، قم اور مشہد میں ہونے والی نماز جنازہ کی امامت ایک ہی شخصیت کرے گی یا مختلف مقامات پر الگ الگ علما نماز جنازہ پڑھائیں گے۔

تاریخی روایت کے مطابق ایران میں سپریم لیڈر کی نماز جنازہ لازمی طور پر نئے سپریم لیڈر نہیں پڑھاتے۔ 1989 میں آیت اللہ روح اللہ خمینی کی نماز جنازہ آیت اللہ سید محمد رضا گلپائیگانی نے پڑھائی تھی، جبکہ آیت اللہ خامنہ ای اس وقت صفِ اول میں موجود تھے اور بعد ازاں سپریم لیڈر منتخب ہوئے تھے۔

ذرائع کے مطابق آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای نئے سپریم لیڈر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں، تاہم سخت سکیورٹی خدشات کے باعث اب تک انہوں نے کسی غیر ملکی شخصیت سے باضابطہ ملاقات نہیں کی اور نہ ہی ان کی عوامی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق نماز جنازہ کی تقریبات 4 سے 6 جولائی تک تہران، 7 جولائی کو قم اور 9 جولائی کو مشہد میں ہوں گی، جبکہ عراق کے شہروں نجف اور کربلا میں بھی تعزیتی اجتماعات اور نماز جنازہ کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای کی نماز جنازہ میں ایک کروڑ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے، جس کے باعث نئے سپریم لیڈر کی سکیورٹی کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔ تاہم ان تمام انتظامات اور نماز جنازہ کی امامت سے متعلق حتمی اعلان کا انتظار ہے۔