ابوبکر ارشد:شہر میں مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی جاری ہے، اوپن مارکیٹ میں دونوں اشیا مقررہ قیمت سے زائد داموں فروخت کی جا رہی ہیں۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 432 روپے فی کلوگرام مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہی گوشت 25 سے 30 روپے اضافی قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے۔
مارکیٹ سروے کے مطابق پرچون دکانوں پر مرغی کا گوشت 432 روپے کے بجائے 470 روپے فی کلوگرام تک فروخت ہو رہا ہے، جس سے شہریوں پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔
اسی طرح فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 229 روپے فی درجن مقرر ہے، لیکن اوپن مارکیٹ میں ایک درجن انڈے 240 سے 245 روپے میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مرغی کے گوشت اور انڈوں کی سرکاری نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب شہر کی اوپن مارکیٹ میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا، جبکہ سرکاری نرخ اور مارکیٹ قیمتوں میں واضح فرق برقرار ہے۔
مارکیٹ سروے کے مطابق گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں رواں ہفتے 5 سے 30 روپے فی کلوگرام تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مختلف اقسام کے چاول 320 سے 640 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو رہے ہیں۔
اسی طرح 800 گرام چائے کی پتی کی قیمت بڑھ کر 1800 سے 1900 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
اوپن مارکیٹ میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں بھی سرکاری نرخ نامے سے کہیں زیادہ وصول کی جا رہی ہیں۔ پیاز سرکاری نرخ 95 روپے کے مقابلے میں 150 روپے فی کلو، ٹماٹر 210 روپے کے بجائے 260 روپے فی کلو، چائینہ لہسن 235 روپے کے مقابلے میں 320 روپے فی کلو اور ادرک 320 روپے کے بجائے 400 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔
مزید برآں، دیسی لیموں کی سرکاری قیمت 150 روپے ہونے کے باوجود اوپن مارکیٹ میں 600 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ شلجم 50 روپے کے مقابلے میں 70 سے 80 روپے، بھنڈی 90 روپے کے بجائے 150 روپے، پالک 25 روپے کے مقابلے میں 40 سے 60 روپے جبکہ دیسی ٹینڈے 90 روپے کے بجائے 150 روپے فی کلو فروخت کیے جا رہے ہیں