وقاص احمد: لاہور کے علاقے واڑہ، بی آر بی نہر کے قریب موٹر سائیکل سمیت نہر میں گرنے والے دو نوجوانوں میں سے ایک کی لاش ریسکیو اہلکاروں نے نکال لی، جبکہ دوسرے نوجوان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق دونوں نوجوان پل عبور کر رہے تھے کہ موٹر سائیکل کا توازن بگڑ گیا، جس کے باعث وہ نہر میں جا گرے۔ واقعے کے بعد ریسکیو 1122 کی غوطہ خور ٹیموں نے کشتیوں اور جدید آلات کی مدد سے طویل سرچ آپریشن شروع کیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق موٹر سائیکل پہلے ہی نہر سے نکال لی گئی تھی، جبکہ تازہ کارروائی کے دوران ایک نوجوان کی لاش بھی برآمد کر کے پولیس کے حوالے کر دی گئی ہے۔ دوسرے لاپتا نوجوان کی تلاش کے لیے غوطہ خوروں کا آپریشن بدستور جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن اس وقت تک جاری رکھا جائے گا جب تک دوسرے نوجوان کا سراغ نہیں مل جاتا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔