ویب ڈیسک:اسلام آباد میں موٹرسائیکل پر بیٹھے دونوں افراد کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے چیف ٹریفک افسر سید ذیشان حیدر نے بتایا کہ فیصلے کا اطلاق 2 ہفتے آگاہی مہم کے بعد ہو گا۔
سید ذیشان حیدر کا کہنا تھا کہ دو ہفتوں بعد موٹرسائیکل پر دونوں سوار کے ہیلمٹ نہ پہننے پر جرمانہ ہو گا۔
خیال رہے کہ سڑک پر سیفٹی اقدامات سے غفلت کرنا بدترین نتائج کا سبب بن سکتا ہے۔ ایک موٹر سائیکل چلانا گاڑی ڈرائیو کرنے سے بیس گنا سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔ تمام گاڑیاں چاہے وہ موٹر سائیکلیں ہوں، کار یا پھر بس ہر روز ایک ہی سڑک استعمال کرتی ہیں۔ اس تجربے کو محفوظ تر بنانے کے لیے سڑک پر موجود ہر فرد کو احتیاط کا دامن تھامنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان میں جہاں کراچی اور لاہور جیسے بڑے شہروں میں حادثات کی روزانہ کی بنیاد پر بڑھتی ہوئی تعداد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور سڑک پر موجود دیگر افراد کی حفاظت سے غفلت برتنے کا سبب ہے۔ پاکستان کی گنجان سڑکوں پر حادثات کے خطرے کو کم کرنے کے لیے سڑک پر موجود ہر شخص کو کچھ سیفٹی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ موٹر سائیکلیں رکھنے والی آبادی کا بڑا حصہ نچلی مڈل کلاس سے تعلق رکھتا ہے، اس لیے سیفٹی قوانین کے حوالے سے ان میں شعور کی کمی کی وجہ سے حادثات کا خطرہ کہیں بڑھ جاتا ہے۔
موٹر سائیکل چلاتے ہوئے اپنی حفاظت سے کیا مراد ہے؟ ٹریفک قوانین کی پیروی، چلانے سے پہلے موٹر سائیکل کی جانچ، اچھی رفتار پر چلانا، درست گیئر پہننا اور سڑک پر 100 فیصد توجہ سوار کی اپنی حفاظت کے لیے ہیں۔