سٹی42: آج 7 محرم الحرام کے موقع پر شہر بھر میں 424 مجالس اور 99 جلوس برآمد ہوں گے۔ لاہور پولیس کے ترجمان کے مطابق ان تمام مجالس و جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے 6800 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کے لیے بھرپور اور مربوط سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کے لیے سرچ اینڈ سویپ آپریشنز، سنیپ چیکنگ اور داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگرانی جاری ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ تمام جلوسوں کی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے براہ راست مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری کارروائی کی جا سکے۔
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے واضح کیا ہے کہ وال چاکنگ اور اشتعال انگیز مواد کی تشہیر پر مکمل پابندی ہے اور اس کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔