ویب ڈیسک : وفاقی وزیربرائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ کابینہ نے 20 ادویات کی قیمتوں میں 30 فیصد تک کمی کی منظوری دے دی۔
قومی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ مختلف بیماریوں میں استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں کمی لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کی جانب ایک اور قدم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بلڈ پریشر، کینسر اور آنکھوں کی بیماریوں میں استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 54 نئی ادویات کی قیمتیں فکس کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے، یہ نئی ادویات کینسر اور مختلف بیماریوں میں استعمال ہوں گی، حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ کابینہ نے20 ادویات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی، زیادہ تر ادویات کی قیمتوں میں کمی 30 فیصد تک کی گئی ہے۔
انہوں نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں پی ٹی آئی کی حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں 700 فیصد تک اضافہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ڈریپ میں میرٹ اور شفافیت کے نظام کو فروغ دینے کے لیے پر عزم ہیں، عوام کی فلاح وبہبود کے لیے معیاری ادویات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، عوام کی خدمت اور ان کو طبی سہولیات کی فراہمی ہمارا حقیقی مشن ہے۔