شاہد سپرا:لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بسنت کے موقع پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی پلان پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔
لیسکو چیف انجینئر محمد رمضان بٹ کا کہنا تھا کہ 6 سے 8 فروری تک شہر بھر میں بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے جامع حکمتِ عملی مرتب کی گئی ہے،لیسکو کے افسران اور عملہ کنٹرول روم میں 24 گھنٹے موجود رہے گا اور تین شفٹوں میں ڈیوٹیاں انجام دی جائیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے،
اُن کا مزید کہناتھا کہ دہلی گیٹ، کشمیری گیٹ، شیرانوالہ گیٹ، بھاٹی گیٹ اور حویلی آصف جاہ سمیت مختلف حساس علاقوں میں خصوصی سیفٹی اقدامات کیے جا رہے ہیں، اسی طرح اندرون شہر، فیروز پور روڈ، لبرٹی اور گلبرگ میں برقی تنصیبات اور املاک کو محفوظ بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی حادثے کا خدشہ نہ رہے۔
چیف انجینئر محمد رمضان بٹ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بسنت کے دوران دھاتی یا کیمیکل ڈور کا ہرگز استعمال نہ کریں کیونکہ یہ انسانی جانوں اور برقی نظام کے لیے انتہائی خطرناک ہے، شہریوں کے تعاون سے ہی محفوظ بسنت اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔