عابد چودھری: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے کیس کی تفتیش تبدیل کرتے ہوئے معاملہ سی سی ڈی پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قتل میں شوٹرز کے سامنے آنے کے بعد مقدمے کی تفتیش تبدیل کی گئی، جو اب سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن کرے گی۔ ڈی ایس پی سی سی ڈی حسنین حیدر اپنی ٹیم کے ہمراہ مقدمے کی تفتیش کریں گے۔
اس سے قبل عبداللہ طاہر قتل کیس کی تحقیقات تھانہ غالب مارکیٹ انویسٹی گیشن پولیس کر رہی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ مرکزی شوٹر ارسلان جٹ اپنی گاڑی میں مبینہ شوٹرز کو گوجرانوالہ سے لاہور لے کر آیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عبداللہ طاہر کو قتل کروانے کا مبینہ ملزم زمان عرف گوگی بٹ بیرون ملک مقیم ہے، جس کی گرفتاری کے لیے سی سی ڈی پولیس ریڈ وارنٹ کے اجرا کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور قتل کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ واقعے میں ملوث دیگر افراد تک بھی پہنچا جا سکے۔