(ویب ڈیسک)متحدہ عرب امارات جانے والوں کے لئے اچھی خبر آگئی، مکمل کورونا ویکسین کروانے والے پاکستانی شہری 5 اگست سے متحدہ عرب امارات جا سکیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مکمل کورونا ویکسین کروانے والے پاکستانی شہری 5 اگست سے متحدہ عرب امارات جا سکیں گے، تاہم اس کے لئے ضروری ہے کہ پاکستانی شہریوں کے پاس قابل استعمال ویزا ہو اور انہیں منظور شدہ کورونا ویکسین لگی ہوئی ہو، اور دوسری ڈوز کے بعد بھی انہیں 14 دن کا وقفہ گذر چکا ہو ۔
اس حوالے سے ان کے پاس نادرا کا جاری کردہ سرٹیفکیٹ ہونا چاہیے جبکہ روانگی سے کم از کم 48 گھنٹے پہلے ان کے پاس کورونا وائرس کےمنفی پی سی آر کی ٹیسٹ رپورٹ ہونا بھی ضروری ہے اس ٹیسٹ رپورٹ کے کیو آر کوڈ کا حامل ہونا بھی لازمی ہے اس کے باوجود ان کا بورڈنگ سے پہلے فوری کورونا ٹیسٹ بھی کرایا جاسکتا ہے۔
مزید ان افراد کو فیڈرل اتھارٹی برائے شہریت ( آئی سی اے) سے اجازت حاصل کرنا ہوگی ۔اجازت نامے کے لئے آئی سی اے کی ویب سائٹ سےرجوع کیا جاسکتاہے ۔ یادرہے متحدہ عرب امارات نے پاکستان ،نیپال ،یوگنڈا، سری لنکا نائجریا اور بنگلہ دیش کے شہریوں کے یو اے ای آنے پر پابندی لگا رکھی تھی۔
واضح رہے کہ قطری حکومت نے پاکستان سے آنے والے مسافروں کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کیا ہے،، ہدایت نامے کے مطابق مسافروں کو قرنطینہ کی شرط لازمی قرار دے دی، ایڈوائزی کے مطابق قطر میں رہ کر ویکسین لگانے والے اور کورونا سے صحت یاب مسافروں کو پاکستان سے قطر پہنچنے پر 2 روز کے لیے قرنطینہ رہنا ہو گا۔
مسافر کو دو روز پر کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ دینا لازمی ہو گا۔ جبکہ دیگر مسافروں کو قطر پہنچنے پر 10 روز کے لیے قرنطینہ کرنا ہو گا۔