(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں روزانہ کی بنیاد پر واضح طور پر کمی آتی جارہی ہے، ملک بھر میں آج کورونا سے 8 اموات اور 330 افراد متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
کورونا وائرس کے حملے بے اثر ہونے لگے، اموات اور متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ کمی ہوگئی، ایکٹو کیسز صرف 25 ہزار 172 رہ گئے گزشتہ 24 گھنٹے میں 11 ہزار 26 ٹیسٹ میں سے صرف 330 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے اعدادوشمار کے مطابق اس وقت سندھ میں ایک لاکھ 21 ہزار 486، پنجاب 93 ہزار 197 اور خیبرپختونخوا میں 34 ہزار 223 مریض زیر علاج ہیں، اسلام آباد میں 15 ہزار 76 ، بلوچستان 11 ہزار 774، گلگت بلتستان 2180 اور آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 2093 ہو گئی ہے، ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار 29 تک پہنچ گئی۔
این سی او سی کے مطابق کورونا وائرس سے ایک دن میں صرف 8 اموات ہوئیں، جس کے بعد ملک بھر میں جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہزار 984 ہو چکی ہے، اب تک کرونا سے 2 لاکھ 48 ہزار 873 افراد صحت یار ہو چکے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی شدت میں کمی آئی،ختم نہیں ہوا، شہری خبردار رہیں،عید پر بھی سماجی فاصلے کو برقرار رکھیں، ماسک کا استعمال لازمی کریں، قربانی کا گوشت کھانے میں اعتدال سے کام لیں، شوگر ، بلڈ پریشر، جگر اورگردوں کے مریض گوشت سے خصوصی پرہیز کریں۔